پہلی بار کشمیر، افغانستان پر دوٹوک مؤقف امریکا کے سامنے رکھا گیا، شیخ رشید

197

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا کو عوامی امنگوں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک انداز میں مسئلہ کشمیر اور افغانستان میں مفاہمتی عمل سمیت خطے کے تنازعات کے حل سے متعلق پر اپنا ٹھوس مؤقف امریکی صدر کے سامنے رکھا ہے، وزیراعظم کے دورہ امریکا سے پاک امریکا باہمی تجارت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ منگل کو قومی خبر رساں ادارے “اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹرمپ کے ساتھ تاریخی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے، تجارتی روابط کے فروغ سمیت دیگر امور زیر غور آئے ہیں۔ امریکا کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے ثالثی کی پیشکش، وزیراعظم عمران خان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے مؤقف کی تائید ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات پر زور دیا ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے، امریکا نے بھی پاکستان کے اس کردار کا اعتراف کیا ہے۔