کاسمیٹکس مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پریشان ہیں، ایم اے انور

230

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہیرڈریسراینڈبیوٹیشن ویلفیئرایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ایم اے انور اور جنرل سیکر ٹری ناصر محمود نے ہیئرڈریسنگ اور بیوٹی پارلرز میں استعمال ہونے والی اشیاء کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ہیئرڈریسرزو بیوٹیشنزکے اخراجات میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی بدترین حالات میں ہیرڈریسرز اور بیوٹیشنز برادری مہنگائی کے بوجھ تلے دبتی جارہی ہے،بلیڈ،لریم،فیشل کا سامان، ہیراسپرے،ہیرکلرز سمیت دیگر تمام سامان کی قیمتیں 20سے30فیصد تک بڑھ چکی ہیں جبکہ ہیرڈریسرز اور بیوٹیشنزنے ریٹس میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے،ان حالات میں ہماری برادری کو کاروبار جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض کمپنیاں ہیرڈریسرز اور بیوٹیشنز کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بلاوجہ اضافہ کررہی ہیں حالانکہ ان کمپنیوں کو پہلے ہیرڈریسراینڈبیوٹیشن ویلفیئرایسوسی ایشن کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ایم اے انور نے کہا کہ اگر کمپنیوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا توہمیں اجتماعی طور پر ایسی کمپنیوں کے خلاف مہم چلانا پڑے گی اور اپنی برادری کو ہم آگاہ کریں گے کہ کونسی کمپنیاں ان کے بہتر مفاد میں ہیں۔ناصر محمود نے کہا کہ کاسمیٹکس مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں نے اگر ایسوسی ایشن کی مشاورت کے بغیر اپنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا توانکی مصنوعات کے بائیکاٹ پر غور کیا جائے گا ۔