آم کے نمائشی پلاٹ پر شاندار فیلڈ ڈے کا انعقاد

190

وہاڑی (اے پی پی) فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے موضع سرگانہ میں آم کے نمائشی پلاٹ پر ایک شاندار فیلڈ ڈے کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں 100سے زائد کاشتکاروں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی امتیاز خان کھچی تھے۔ اس پروگرام کا مقصد کاشتکاروں میں آم کے باغات میں کھادوں کے متوازن استعمال کے بارے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ ایف ایف سی کے ریجنل منیجر سید نومان حسین نے کاشتکاروں کو ایف ایف سی کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو اپنی سوچ بدلنی چاہئے کہ وہ کم کھاد ڈال کر باغات سے منافع بخش پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔ موجودہ موسمی تبدیلیوں کے تناظر میں ڈی اے پی، ایس او پی یا ایم او پی کھادوں کا کم استعمال پیداوار میں خاطر خواہ کمی کا باعث بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف ایف سی اعلی معیار کی کھادیں بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے زرعی سروسز کے شعبے کے ذریعے کاشتکاروں کی ہر ممکن راہنمائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو بتایا کہ کھادوں کا متوازن استعمال ناگزیر ہو گیا ہے، اس لیے کاشتکاروں کو ایف ایف سی کی مٹی و پانی کی مفت تجزیہ سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مفت ایف ایف سی ہیلپ لائن نمبر 0800-00332سے مستفید ہونے کا مشورہ بھی دیا۔