جھڈو،قائم مقام ڈی سی میرپورخاص کی کھلی کچہری،شکایتوں کے انبار

209

جھڈو (نمائندہ جسارت) عدالت کے حکم پر قائم مقام ڈی سی کی کھلی کچہری،سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شکایات کے انبار لگادیے، تمام صورتحال اور شکایات عدالت کے سامنے رکھوں گا۔ڈی سی۔تفصیلات کے مطابق صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے عدالت کے حکم پر قائم مقام ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اقبال میرانی نے جھڈو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شکایات کے انبار لگا دیے۔ چیئرمین جھڈو اسلم خان ،کونسلر محمد علی ناگوری ،نوکوٹ کے چیئرمین بابو سہیلاور کونسلر جاوید واحد نے شکایات کیں کہ جھڈو مرکز صحت میں نہ عملہ موجود ہوتا ہے اورنہ ہی ادویات، مرکز صحت میں ایک ڈسپنسری ہے جس میں کوئی بھی سہولیات موجود نہیں ہے،اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں اور میڈیکل افسران کی 20پوسٹیں عرصہ دراز سے خالی ہیں، وومن میڈیکل آفیسر تعینات نہ ہونے کے باعث خواتین کے پوسٹ مارٹم کے لیے لاشوں کو ڈگری تعلقہ اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔ مرکز صحت کی ایمبولینس اور ایکسرے مشین کئی سالوں سے خراب ہے ،حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں یا تو ڈاکٹر موجود ہی نہیں ہوتا اگر آبھی جائے تو ابتدائی طبی امداد کے لیے ادویات دستیاب نہیں ہوتیں اور مریضوں کو دیگر شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑتا ہے، ظلم تو یہ ہے کہ جھڈو کو تحصیل کا درجہ ملے 14سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اسپتال کو تحصیل اسپتال کا درجہ تاحال نہیں مل۔ا اس موقع پر آئی ایچ ایس کے ڈسٹرکٹ منیجر علی محمد مہر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مختار تالپر نے کہا کہ دستیاب وسائل کے مطابق مرکز صحت میں سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر قائم مقام ڈی سی نے کہاکہ شہریوں کی شکایات سن کر اور اسپتال کا دورہ کرکے ہوش ربا انکشافات ہوئے ہیں تمام شکایات اور صورتحال کے حوالے سے عدالت کا آگاہ کیا جائے گا۔