دھابیجی، اسسٹنٹ کمشنر میرپورساکرو کاغیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی

123

دھابیجی(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میرپورساکرو عبیداللہ پھوڑ نے اینٹی انکروچمنٹ ٹھٹھہ پولیس کے ہمراہ دھابیجی میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد ہائیڈرنٹ سیل کرکے جنریٹر کی بیٹریاں و دیگر سامان ضبط کرلیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی ہدایت پر زیر زمین بورنگ کے ہائیڈرنٹس سے کھارا پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ہائیڈرنٹس سے واٹربورڈ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہائیڈرنٹس مالکان سرکاری زمینوں سے زیر زمین پانی نکال کر کراچی کے ٹینکروں کو فروخت کررہے ہیں جس سے زمینیں بنجر ہورہی ہیں اور یہ پانی بھی انسانی صحت کیلیے انتہائی مضر ہے۔ جس پر ان ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی کرکے انہیں بند کیا جارہاہے اگر کسی ہائیڈرنٹ مالک نے بھی خلاف ورزی کی اور دوبارہ بور چلایا تو اس کو گرفتار کرلیا جائے گا۔