اپوزیشن جماعتیں انتقامی کاروائیوں سے ڈرنے والی نہیں، سعید غنی

214

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو باغ جناح میں ہونے والا جلسہ اس شہر کی تاریخ میں اپوزیشن جماعتوں کا تاریخی جلسہ ہوگا، جو اس شہر کے دعویداروں پر ثابت کردے گا کہ یہ شہر اور اس کے عوام اب ان آمروں کی گودوں میں بیٹھنے والوں کے ساتھ نہیں ہیں۔ آج عمران خان کو ٹف ٹائم دینے والوں کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں تیز کی گئی ہیں لیکن پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن کی جماعتیں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں ہیں۔ امریکا میں عوام کو ناشتے اور میوزکل پروگرام کی لالچ دے کر کامیاب جلسہ کرکے وہاں کے عوام کو اس ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز مزار قائد سے متصل باغ جناح میں جہاں 25جولائی کو مشترکہ اپوزیشن جماعتوں کے تحت جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے کہ دورے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، مسلم لیگ (ن) کے علی اکبر گجر، سلمان خان، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا عبدالکریم عابد اور مولانا غیاث، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری اور حنیف شاہ، نیشنل پارٹی کے رمضان میمن، جمعیت علماء پاکستان کے حلیم غوری اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے بشیر مندوخیل کے علاوہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے رہنما بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں سعید غنی اور دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیا اور اسٹیج سمیت دیگر کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ جلسہ گاہ آنے سے قبل تمام جماعتوں کے رہنماؤں کا پیپلز سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کراچی کے تمام اضلاع سے تمام سیاسی جماعتوں کے تحت ریلیوں کی شکل میں آنے والے جلوسوں کی روٹ، خواتین کے لیے مختص روٹس، پارکنگ سمیت دیگر پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور تمام ا نتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی 2018 ء اس ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب تاریخی دھاندلی کے ذریعے اس ملک پر ایک کٹھ پتلی حکومت اور ایک سلیکٹیڈ وزیر اعظم کو اس ملک کے 22 کروڑ عوام پر جبری طور پر مسلط کردیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ آج اس کی سزا اس ملک کے عوام مہنگائی، بیروزگاری کے نہ رکنے والے سونامی کے روپ میں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک تاجروں کی کامیاب ہڑتال نے ثابت کردیا کہ اب یہ جمہوریت کے نام پر آمرانہ حکومت کو وہ بھی برداشت نہیں کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ 25 جولائی کو باغ جناح کے جلسہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ جے یو آئی (ف) کے عبدالغفور حیدری، میر حاصل بزنجو سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی قائدین شریک ہوں گے اور خطاب کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ اس شہر اور ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا اور اس پر عوام کو ضرور کچھ نہ کچھ مشکلات پیش آئیں گی۔