معمولی بارش نے کے الیکٹرک کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے، منعم ظفر

260

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں معمولی سے بارش نے کے الیکٹرک کی کارکردگی اور ٹیکنالوجی کی قلی کھول دی ہے، گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث ضلع وسطی کے مختلف علاقے اب تک بجلی سے محروم ہیں، کے الیکٹرک کے بجلی کی سپلائی کا نظام بہتر بنانے کے دعوے بھی پانی میں بہہ گئے، شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کا پہلا قطرہ پڑتے ہی بجلی غائب ہوگئی، شدید گرمی اور حبس سے بے حال شہریوں نے رات جاگ کر گزاری، کے الیکٹرک والے کارپوریٹ کلچر کے نام پر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کی مرمت اب ضروری ہے، شہر کراچی کے عوام ایک ساتھ پانی اور بجلی سے محروم ہیں، ضلع وسطی کے کئی علاقوں جس میں ناظم آباد سرفہرست ہے گزشتہ کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہے، کراچی سے ووٹ لینے والے خواب غفلت میں ہیں لیکن جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح کراچی کے عوام کے ساتھ ہے، ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بجلی کا نام و نشان نہیں ایسے ہی کے الیکٹرک کا عملہ بھی منظر عام سے غائب ہے،بارش کے بعدبجلی کے سسٹم میں فالٹ آنے کی صورت میں کئی دنوں تک علاقوں میں بجلی نہیں ہوتی۔ مرمت اور دیکھ بھال کے نام پر ہر ہفتے پورا دن بجلی بند کر نا معمول بن چکا ہے ۔کے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی بار بار سامنے آتی ہے لیکن اس کے خلاف نہ حکومت اور نہ نیپرا کوئی کارروائی کرتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کے مظالم سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔