پولیس نے مختلف علاقوںسے 10 ملزمان گرفتارکرلیے

204

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے منشیات فروش ملزم سفید خان کوخفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مظفر آباد کالونی سے گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم سفید خان قائد آباد اور اطراف کی آبادی میں منشیات فروشی میں ملوث ہے ۔گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد ہوئی ہے۔ ملیر کینٹ پولیس نے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ملزم محمد ذیشان کو خفیہ اطلاع پر سعدی ٹائون سے گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم ذیشان شہریوں سے لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے۔درخشاں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول، چار کلو گرام چرس، تین موٹر سائیکل ، ہزاروں روپے نقد اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے ۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل ملیر کینٹ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم سید شجاع حسین جعفری کو گرفتار کر کے شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود سے چوری کی گئی کار برآمد کر لی، سہراب گوٹھ پولیس نے ایوب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث پانچ ملزمان کوگرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں فدا حسین ولد محمد عمر، خالد، نبی بخش اور فدا حسین ولد غلام حسن شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان سہراب گوٹھ اور سچل سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں ڈکیتی، راہزنی اور لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھے۔ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ بمع گولیاں اور چھینے گئے موبائل فو ن بھی برآمد کیے گئے ہیں۔