عمران نے ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر یوٹرن لیکر قوم کو دھوکا دیا‘رضی حسینی

207

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیرکراچی تحریک لبیک پاکستان علامہ رضی حسینی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے قوم کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی تحریک انصاف کے انتخابی منشور کا حصہ تھی، بتایا جائے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کے معاملے پر یوٹرن کیوں لیا گیا؟ عمران خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر یوٹرن لے کر قوم کو دھوکا دیا، ہم یہ دھوکا نظرانداز نہیں کرسکتے۔ امیرکراچی علامہ رضی حسینی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ بتایا جائے کہ واشنگٹن کیپیٹل ایرینا میں عمران خان کے جلسے کے فنانسر کون تھے؟ پی ٹی آئی جلسے کے فنانسرز کے پروفائل سامنے آئیں گے تو بہت سے رازوں سے پردہ اٹھ جائے گا۔ امریکی امداد اور عالمی اداروں کے سودی قرضوں نے آج تک پاکستان کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، چاہتے ہیں کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت کا سلسلہ بند کیا جائے، ملک میں امریکی مداخلت کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے یو ایس ایڈ کی فنڈنگ سے چلنے والی سیاسی جماعتوں کی حکومت رہی ہے، ٹی ایل پی کا مقابلہ لبرل سیکیولر کرپٹ سیاسی جماعتوں سے ہے، ٹی ایل پی سیاسی جماعتوں کا گند صاف کررہی ہے۔