سندھ بوائز اسکائوٹس : فنڈز اور دوروں میں بے قاعدگیوں کا انکشاف

195

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائز اسکائوٹس ایسوسی ایشن میں فنڈز اور دوروں میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ سندھ بھر میں طلبہ کی اسکائوٹس میں دلچسپی میں بھی واضح کمی ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ بوائز اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اختر میر نے تاحیات اس عہدے پر رہنے کے لیے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے بیورو کریٹس،نجی اسکول مالکان،سیاستدانوں کے رشتہ داروں ،صحافیوں اور اہم سرکاری افسران سمیت غیر متعلقہ افراد کو اسکائوٹس بناکر اندرون و بیرون ملک دورے کرائے ۔ جن میں سابق ایڈیشنل سیکرٹری ریحان بلوچ کو اہل خانہ سمیت بیرون ملک دورہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ اندرون ملک دوروں میں زیادہ تر کراچی کے نجی اسکول مالکان، ان کے طالبعلم اور سیاسی رہنمائوں کے رشتے داروں کو دورے کرانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔جس سے اصل اسکائوٹس کی حق تلفی ہوئی ہے اور طلبہ کی اسکائوٹس سرگرمیوں میں دلچسپی انتہائی کم ہوگئی ہے۔ اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے مصدقہ ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے ایسوسی ایشن کو وفاقی اور صوبائی حکومت اور بورڈز کی جانب سے ملنے والی رقوم میں بھی کرپشن کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان رقوم کا آڈٹ نہیں کرایا جارہا۔ سیکرٹری اختر میر نے سابق چیف سیکرٹری جن پر مختلف نیب مقدمات بھی چل رہے ہیں کو غیر قانونی طور پر چیف پیٹرن سندھ کے عہدے پر تعینات کرادیا تاکہ وہ ان کے جونیئر اور موجودہ چیف سیکرٹری ممتاز شاہ کی ہر قسم کی باز پرس سے محفوظ رہ سکیں۔ اسکائوٹس ایسوسی ایشن کی گاڑیوں کے حوالے سے بھی ذرائع نے بتایا کہ وہ بھی سیکرٹری اختر میر نے من پسند افراد کو دے رکھی ہیں۔ تعلیمی شخصیات نے ایسی شخصیات جن پر کرپشن کے مقدمات چل رہے ہوں اور جو جیل بھی جا چکے ہوں کو اہم عہدے دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ سندھ بوائز اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اختر میرکے عہدے کی میعاد اگست میں ختم ہو رہی ہے۔