سندھ میں زراعت کے شعبے میں مزید کام کرنے کی گنجائش ہے،گورنر

175

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنرسندھ عمران اسماعیل سے سندھ آبادگار بورڈ کے 4 رکنی وفد نے محمود نواز شاہ کی سربراہی میں گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں ذوالفقار یوسفانی ، سید ندیم شاہ او ر محفوظ عرسانی شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین ، قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات میںزراعت کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اورسندھ میں پانی کی منصفانہ تقسیم ، آباد گاروں کے مسائل اور ان کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں زراعت کے شعبے میں مزید کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی پر قابو پانے کے لیے کاشت کاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کرنا چاہیے۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالا ہوکر کاشکاروں کے مسائل مل جل کر حل کیے جائیں۔ جہانگرین ترین نے مزید کہا کہ سندھ میں پانی کی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ملاقات میں سندھ آبادگار بورڈ اراکین نے سندھ کے پانی کو آلودگی سے پاک کرنے اور اس کی معیار کی بہتری کے لیے کام کرنے کی درخواست دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ سندھ کے مختلف بیراج پر پانی کے زیاں کی روک تھام اور وجوہات معلوم کرنے کے لیے وفاقی وزارت پانی کے تحت کمیٹی بنائی جائے جبکہ موجودہ ٹیلی میٹری سسٹم کی اپ گریڈیشن بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔