پی ٹی آئی رہنمائوںکی پولنگ پراثرانداز ہونے کی شدیدمذمت

175

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے این اے 205 ضمنی انتخابات، میں پی ٹی آئی اور دیگر رہنما ئوںکی پولنگ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ مقامی انتظامیہ اور پولیس کو دھمکیاں دے رہے ہیںرخنہ ڈال کر پولنگ کے عمل کو سست کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اسکے اتحادیوں پر شکست کا خوف طاری ہوگیا ہے اورشکست کے خوف سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ہماری درخواست ہے کہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات پر اثر انداز ہونے والے پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی الیکشن میں حکومتی نمائندوں کے عمل دخل پر الیکشن کمیشن کی خاموشی عجیب بات ہے۔ گھوٹکی الیکشن میں ہمارے کارکنان پر تشدد کیا جارہا ہے اور عوام کو ووٹنگ سے دور رکھا جارہاہے اور پی پی پی کی خواتین ایجنٹ کو باہر نکال دیا گیا ہے جبکہ پی پی پی کے ووٹرز کو تنگ کیا جارہا ہے حلیم عادل شیخ اور علی نواز مہر پولنگ اسٹیشن پر قابض ہونے کی کوششیں کررہے ہیں ،شیر جو گوٹھ میں سالار مہر نے خواتین پولنگ ایجنٹ کو یرغمال بنا رکھا ہے۔گھوٹکی میں لگتا ہے حکومت الیکشن کروانے کے موڈ میں نہیں ہے اس لیے ہمارے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔