وزیراعلیٰ نے دو بڑے صنعتی و کاروباری منصوبوں کی منظوری دے دی

129

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے لیے دو بڑے صنعتی و کاروباری منصوبوں این ای ڈی یونیورسٹی میں جدید طرز کے ٹیکنالوجی پارک کے قیام اور ناردرن بائی پاس پر واقع ماربل سٹی منصوبے کو سرکاری نجی شراکت داری کے تحت چلانے کی منظوری گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں منعقدہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی بورڈ کے اجلاس میں دے دی گئی اور محکمہ سرمایہ کاری سندھ کو یہ دونوں منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ اسپیشل اکنامک زون ایکٹ 2012ء کے تحت یہ دونوں منصوبے اسپیشل اکنامک زون مقام کے حامل ہوں گے چنانچہ ان دونوں منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو انکم ٹیکس اور مشینری درآمد کرنے پر کسٹم ڈیوٹی میں 10 سال تک چھوٹ ملے گی۔پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی انڈسٹری نے گزشتہ برس ایک ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا چنانچہ آئی ٹی اور الیکٹرونکس سے وابستہ طلبہ،اساتذہ،پروفیشنلز اور ماہرین کو انڈسٹری میں مفید مواقع کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت ،این آج ڈی یونیورسٹی کے ساتھ مل کر یونیورسٹی کیمپس میں 12 ارب روپے کی لاگت سے 20 منزلہ ٹیکنالوجی زون کی عمارت تعمیر کرے گی جو 2021ء میں مکمل ہوگی اور یہاں آئی ٹی اور الیکٹرونکس سے وابستہ تمام سرمایہ کاروں کو 30 فیصد کم کرایے پر مکمل لاجسٹکس سپورٹ کے ساتھ دفاتر دیے جائیں گے۔کراچی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دوسرے بڑے صنعتی منصوبے ناردرن بائی پاس پر 300 ایکڑ اراضی کے حامل کراچی ماربل سٹی میں ماربل،گرینائٹ،سنگ مرمر اور دیگر پتھروں کی ویلیو ایڈیشن کرنے والی صنعتوں کو فروغ دینے اور پتھر کو ویلیو ایڈیشن کے بعد فروخت کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس سے اس صنعت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔