لاہور ہائیکورٹ‘برادرز شوگر ملزکیس‘ نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس

221

لاہور (نمائندہ جسارت‘ اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ نے برادرز شوگر ملز کے سابق سی ای او میاں اسلم بشیر کی نیب نوٹس کے خلاف نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل2 رکنی بینچ نے برادرز شوگر ملز کے سابق سی ای او میاں اسلم بشیر کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی طرف سے اعجاز احمد اعوان ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے گنے کے کسانوں کو عدم ادائیگی سے متعلق تفتیش شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے برادرز شوگر ملز کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں بشیر سے گنے کی ادائیگیوں سے متعلق ریکارڈ طلب کیا ہے جبکہ شوگر ملز کی جانب سے گنے کی ادائیگی کا معاملہ نیب کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ درخواست گزار کے مطابق کسانوں کو ادائیگیوں سے متعلق عدالت عظمیٰ میں کیس زیر سماعت ہے، درخواست گزار نے سائل کے خلاف نیب انکوائری کالعدم قرار دے کر نوٹس منسوخ کرنے کی درخواست کی۔عدالت نے کرپشن کے الزامات میں گرفتار سیاستدانوں کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پرراستوں کی بندش کے خلاف درخواست نمٹا دی۔عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈرز کے اجرا کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا گیا ہے۔عدالت عظمیٰ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری آفتاب باجوہ نے دائر درخواست میں احتساب عدالت کے اْس فیصلے کو چیلنج کیا گیا کہ جس میں عدالت پروڈکشن کے خلاف درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق قانون کے تحت رکن اسمبلی کے جسمانی ریمانڈ کے دوران اسپیکر پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کر سکتا لیکن اس کے باوجود حمزہ شہباز کے پروڈکشن آڈر جاری کیے گئے۔