ایرا حکام زلزلہ متاثرین کی بحالی کے اربوں روپے کا سود کھاگئے

400

اسلام آباد (آن لائن) ’ایرا‘ کے کرپٹ اعلیٰ حکام زلزلہ متاثرین کی بحالی کے اربوں روپے کا سود کھاگئے‘ چینی کمپنیوں سے انکم ٹیکس اور ودہولڈنگ کی مد میں 95 کروڑ روپے بھی وصول نہیں کیے ہیں۔ ذرائع سے حاصل دستاویزات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ایرا کے کرپٹ افسران نے زلزلہ متاثرین کے لیے وقف اربوں روپے سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی کے ملکیتی جے ایس بینک میں ڈیپازٹ کرا رکھے ہیں جبکہ اس بھاری فنڈز سے حاصل ہونے والا مارک اپ بھی کرپٹ افسران ہضم کر چکے ہیں‘ دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ ایرا کے کرپٹ افسران نے جے ایس بینک میں اربوں روپے ڈیپازٹ کراتے وقت وزارت خزانہ سے نہ پیشگی اجازت لی ہے اور نہ اس حوالے سے قواعد و ضوابط کا احترام کیا ہے جبکہ پیپرا رولز کی بھی خلاف ورزی کی ہے‘ اس کے علاوہ مختلف منصوبوں میں کام کرنے والی چین کی کمپنیوں کو اربوں روپے جاری کیے گئے ہیں لیکن انکم ٹیکس اور ودہولڈنگ کی مد میں 95 کروڑ روپے وصول ہی نہیں کیے ہیں‘ اب چین کی کمپنی نے یہ بھاری فنڈز حکومت پاکستان کو ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے‘ ایرا کی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سابق ڈائریکٹر فنانس نے جعلی دستخطوں سے جے ایس بینک میں بھاری فنڈز کی سرمایہ کاری کی تھی۔ واضح رہے کہ ایرا کا ادارہ 2005ء میں آنے والے زلزلہ کے متاثرین کی بحالی کے لیے بنایا گیا تھا۔