فیصل آباد: ن لیگ کی قیادت سمیت 2 ہزار افراد کیخلاف مقدمات درج

221

فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد میں بغیر اجازت ریلی نکالنے پر مسلم لیگ(ن) کی قیادت سمیت 2000 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق 21 جولائی کو فیصل آباد میں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر سیاسی ریلی کے انعقاد اور خطاب پر فیصل آباد پولیس نے ن لیگ کی قیادت اور کارکنوں پر تھانہ نشاط آباد، تھانہ منصور آباد، تھانہ سرگودھا روڈ، تھانہ ریل بازار اور تھانہ سول لائن میں مقدمات درج کیے ہیں۔ مقدمات میں روڈ بلاک کرنے، بلا اجازت ریلی نکالنے کی دفعات شامل ہیں۔ ن لیگی قیادت کی جن شخصیات کو مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے ان میں مریم نواز، کیپٹن صفدر، محمد زبیر، مصدق ملک، جاوید لطیف، ایم پی اے رانا علی عباس، رانا ثنا کی اہلیہ نبیلہ ثنا، داماد شہریار، طلال چودھری و دیگر شامل ہیں۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اتوار کے روز اینٹی نارکوٹکس ایکٹ میں گرفتار راناثنا کے گھر ریلی کی شکل میں آئی تھیں اور انہوں نے کارکنوں سے خطاب کیا تھا۔ مسلم لیگ(ن) نے مقامی انتظامیہ سے ریلی نکالنے اور جلسے کی اجازت مانگی تھی جو کہ منظور نہیں ہوئی تھی۔