کوئٹہ پھر دہشت گردوں کے نشانے پر بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق،25 زخمی

170

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں2 افراد جاں بحق اور25 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا منگل کی شام کو کوئٹہ کے منظور شہید تھانہ کی حدود میںمشرقی بائی پاس کے شیر جان اسٹاپ پر ایک میڈیکل اسٹور کے سامنے ہوا۔ منظور شہید پولیس تھانہ کے پولیس افسرخیر محمد نے بتایا کہ سڑک کے کنارے جس جگہ دھماکا ہوا وہاں میڈیکل اسٹور، لیبارٹری اور حمام کے علاوہ دیگر دکانیں بھی تھیں اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں 2افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 25افراد زخمی ہوگئے۔ قریب کی 5دکانوں اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، ایف سی اور امدادی تنظیموں کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا سائیکل پر نصب ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں ڈھائی کلو بارودی مواد استعمال کیاگیا۔جائے وقوع سے زخمیوں کو سول اسپتال اور شیخ زید اسپتال منتقل کیاگیا۔ سول اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق دھماکے کے بعد سول اسپتال کے شعبہ حادثات اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ڈاکٹروں اور عملے کو طلب کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں 27افراد کو لایا گیا جن میں سے 2 کی موت کی ڈاکٹروں نے تصدیق کردی۔ ان میں سبی کا رہائشی منظور احمد ولد سیفل خان اور کوئٹہ کا رہائشی شفیع اللہ ولد محمد حسن شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ دیگر 25افراد زخمی ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمیوں میں ایک 10سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق زخمیوں میں بالاچ خان ولد محمدگل ، جمیل احمد ولد عبدالغفور، احمد اللہ ولد عبدالقیوم، رحیم الدین ولد خدائید اد،حمد لقمان ولد غلام سخی، گل داد ولد میر خان، گلاب ولد محمد رمضان، عبدالصمد ولد حاجی زرین، مطیع اللہ ولد حاجی اللہ ، محمد خواص ولد شادی محمد، حیات اللہ ولد حاجی محمد رسول، روزی خان ولد پائی محمد، محمد زاہد ولد عدبالغفور، عبدالمالک ولد حاجی رئیس، فضل الرحمان ولد سیف اللہ، سید الرحمان ولد باری گل، محمد اسلم ولد قائم الدین، پہلوان ولد رحمت اللہ، محمد ولد خدائے نظر، سمیع اللہ ولد عبدالواحد، محمد یوسف ولد عبدالعلی، مومن ولد غلام حسین، شفیع محمد ولد غلام حسین، محمد سلیم ولد محمد جان ، رحمت اللہ ولد اللہ نذر شامل ہیں۔