اسلام آباد: 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کا اعلان

188

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ 14 اگست سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگائی جا رہی ہے اس حوالے ضلعی انتظامیہ ہمارے ساتھ آن بورڈ ہوگی۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 14 اگست سے وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگائی جا رہی ہے، تمام کاروباری مراکز کے دکانداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے، اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو اسے ابتدائی طور پر ایک لاکھ، دوبارہ خلاف ورزی پر 2 لاکھ جبکہ تیسری بار خلاف ورزی کرنے پر 5 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کیلیے میڈیا، سول سوسائٹی، این جی اوز اور دیگر ادارے ہمارا ساتھ دیں۔ اس وقت ایک اندازہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں جو اندازاً روزانہ 3 سے 4 بیگ فی کس استعمال کرتے ہیں جو انتہائی تشویشناک عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود اسلام آباد مرغزار کا چارج وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حوالے نہیں کیا گیا، اگر پرندوں اور جانوروں کو نقصان ہوا تو انتظامیہ ذمے دار ہوگی۔ کاسمیٹکس بنانے والی 57 کمپنیوں کی مصنوعات کا ٹیسٹ کرایا گیا، 54 کی مصنوعات میں مرکری کی مضر صحت مقدارِ پائی گئی ہے۔ ہماری وزارت نے اپنے 46 فیصد اخراجات کم کیے ہیں۔