افغان فضائیہ نے شہریوں پر بم برسادیے،بچوں سمیت9 جاں بحق

179

کابل (آن لائن /مانیٹرنگ ڈیسک ) افغان فضائیہ نے کابل کے جنوب میں واقع علاقے میں شدت پسندوں کو نشانہ بنانے کی کوشش میں شہری آبادی کو نشانہ بنا ڈالا جس میں بچوں، خواتین سمیت 9 شہری جاں بحقہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ افغان فضائیہ کی طرف سے کیے گئے حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فضائی حملے کے بعد اطلاع دی گئی تھیکہ یہاں دہشت گرد موجود تھے، حملے میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں، تاہم مقامی لوگوں کے مطابق وہاں کوئی دہشت گرد نہیں تھا، ہلاک ہونے والے مقامی شہری ہیں جن کا تعلق کوچی خاندان سے ہے۔ان ہلاکتوں کی تصدیق اقوام متحدہ کے مدد مشن نے بھی کی ہے کہ مشرقی افغانستان میں حکومت حامی دستوں کی کارروائی کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔دوسری جانب افغان فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کو ہلمند صوبے کے مارجا ضلع میں طالبان کے ٹھکانے پر حملوں میں فرید نامی کمانڈر سمیت 3طالبان مارے گئے ہیں ،ادھر غزنی کے گرو ضلع میں افغان فضائیہ نے کارروائی میںبموں سے بھرا ایک ٹرک بھی تباہ ، حملے میں 3طالبان بھی جان کی بازی ہار گئے۔ماہ رواں کی ابتدا میں کابل کے جنوب میں واقع ایک خفیہ ایجنسی کے دفتر کو ٹرک بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ، 180 زخمی ہوگئے تھے۔