ہلکی بارش نے کے الیکٹرک کارکردگی کی پول کھول دیا ٗ حافظ نعیم

282

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے بارانِ رحمت کو شہریوں کے لیے زحمت بنا دیا ہے۔شہر میں ہلکی بارش نے ایک مرتبہ پھر حکومت اور کے الیکٹرک کے دعوئوں اور کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔شہر کے بہت سے علاقوں میں 18سے 20گھنٹے تک مسلسل بجلی غائب رہنے سے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں ،شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ شہر میں پمپنگ اسٹیشن پر بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں پانی کی قلت سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہیںجبکہ دوسری جانب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بھی اچانک بجلی کے بریک ڈاؤن سے پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72انچ کی مرکزی لائن دھماکے سے پھٹ گئی جس سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔کے الیکٹرک کی نااہلی نے شہر کراچی کی نظام زندگی کو مفلوج کردیا ہے،کے الیکٹرک نے کراچی میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کر کے اور سسٹم کو بہتر کرنے کیلئے معاہدے کے مطابق سرمایہ کاری نہ کرکے روشنیوں کے شہر کو اندھیروں میں تبدیل کردیا ہے،جبکہ وفاقی وصوبائی حکومت ، نیپرا، گورنر سندھ نے بھی کے الیکٹرک کی مجرمانہ غفلت پر خاموشی اختیار کررکھی ہے بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ، وفاقی وزیر برائے بجلی اور گورنر اور وزیر اعلیٰ کو ملک کے سب سے بڑے اقتصادی مرکز اور سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر میں بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے کوئی سرور کار نہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک کی کارکردگی سابقہ کے ای ایس سی سے بدتر ہوگئی ہے اور آف شور کمپنی کے الیکٹرک کی ساری توجہ اپنے پلانٹس کو دانستہ طور پر بند رکھ کر ناجائز منافع کما کر فرارہونے پر ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو فوری طور پر سرکاری تحویل میں لے کر کے الیکڑک کے خلاف کاروائی کرے۔کراچی کے شہریوں سے لوٹے گئے اربوں روپے واپس کروائے، تاکہ کراچی کے شہریوں کو ریلیف مل سکے۔صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں بھی ایک دوسرے پر الزامات لگانے اور اختیارات و فنڈز کی کمی کا رونا رونے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں اور کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔