کراچی سینٹرل جیل سے فرار دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون ہلاک

323

کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان کے علاقے تربت میں سیکورٹی فور سز کا آپریشن، سینٹرل جیل کراچی سے فرار ہونے والا مبینہ دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون مارا گیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق دہشت گرد شیخ ممتاز دیگر ساتھیوں کے ساتھ سینیٹرل جیل توڑ کر فرار ہوگیا تھا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن میں دہشت گرد کے دیگر ساتھیوں کے مارے جانے کی بھی اطلاع ہے ۔مشترکہ آپریشن میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ جیل توڑنے اور سنگین نوعیت کے جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا ہلاک دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی کی طرف سے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری تھیں۔واضح رہے کہ ستمبر 2017ء میں مقامی ذرائع ابلاغ میں خبر آئی تھی کہ سینٹرل جیل کراچی سے فرار ہونے والے خطرناک دہشت گرد افغانستان پہنچ گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون اور محمد احمد عرف منا 13 جون کو کراچی سینٹرل جیل سے فرار ہوا تھا ۔ملزم شیخ ممتاز عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013 میں سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا، ملزمان 33 سنگین مقدمات میں ملوث ہیں اور ان پر 40 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے جن میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں ملزم احمد منا کو ایک کیس میں 10 سال قید کی سزا بھی ہوچکی تھی ۔قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پرسپرنٹنڈنٹ اورڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 12اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ قائم کیا گیا تھا ۔سی ٹی ڈی اور دیگراداروں کی جانب سے اس حوالے سے رپورٹ محکمہ داخلہ میں جمع کرائی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں دہشت گرد سینٹرل جیل سے فرار ہونے کے بعد فوری طور پر بلوچستان گئے اور وہاں سے چمن کے راستے افغانستان فرار ہوگئے ۔