امریکی ڈومور کا کوئی بھی مطالبہ قوم قبول نہیں کریگی، لیاقت بلوچ

147

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی انتخابی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی پشت پر قومی قیادت اور پارلیمنٹ کا یکسو اعتماد نہیںہے ۔ عوام افغانستان ، کشمیر ، ایٹمی صلاحیت اور قومی وقار کے منافی ڈو مور کی کسی سودے بازی کو قبول نہیں کریں گے اور پوری قوم از سر نو گو امریکا گو اور گو عمران گو کے نعرے
کے ساتھ میدان میں نکلے گی۔ کوئی بھی بیرونی قوت اور سہارا ہمارا مدد گار نہیں ہوسکتا ، اللہ پر توکل ، اپنی قوم اور وسائل پر اعتماد کرتے ہوئے خود انحصاری اور قرآن و سنت کی بالادستی ہی نجات اور استحکام کا راستہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ قبائلی اضلاع کے صوبائی حلقوں کے انتخابات میں ووٹوںکے تناسب اور کامیابی میں پیش رفت ہوئی ۔ جماعت اسلامی کا موقف اور اپنی شناخت کے ساتھ مفادات سے بالاتر جدوجہد پذیرائی حاصل کر رہی ہے ۔ انتخابات میں ریاستی مداخلت ، مال و دولت کی ریل پیل بھی پوری بدنمائی سے موجود تھی ۔ قبائلی عوام نے جمہوریت اور آئین پاکستان سے محبت کا زبردست اظہار کیاہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے عوام کو آزاد سیاست ، آزادانہ انتخابات اور آئین و شریعت کی بالادستی کا نظام ضرور دلائے گی ۔ قبائلی اضلاع کے کارکنان اور محب وطن عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مہنگائی ، بے روزگاری ، قومی بجٹ کے ظلم اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جماعت اسلامی کے کراچی ، لاہور ، ملتان ، فیصل آباد ، راولپنڈی میں عوامی مارچ کامیاب رہے ۔ عوامی رابطہ اور عوامی مارچ کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ 25 اگست کو پشاور میں تاریخ ساز عوامی مارچ سے اگلے مرحلے کا آغاز ہوگا ۔
لیاقت بلوچ