حکومت ٹیکسز نظام کی پذیرائی کی امید نہ رکھے ، فاروق شیخانی

168

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسز نظام کی پذیرائی کی امید نہ رکھے ، غیر حقیقت پسندانہ اہداف کو مکمل کرنے کے لیے لائے گئے نظام سے عوام اور معیشت تباہ ہوکر رہ گئے ہیں، معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی سے ریونیو میں اضافہ خام خیالی ہے۔ ملکی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد فاروق شیخانی نے کہا
کہ ٹیکس کے نفاذ کا بنیادی مقصد ملک کو چلانے کے لیے وسائل مہیا کرنے کے علاوہ معاشی اور سماجی ترقی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے طبقاتی فرق مٹانا ہوتا ہے لیکن پاکستان کے موجودہ بجٹ کے ساتھ ٹیکسز کے نظام میں اِس فارمولے کا کوئی لحاظ رکھے بغیر تمام تر توانائیاں غیر حقیقت پسنددانہ اہداف کو پورا کرنے کے لیے خرچ کی گئی ہیں جس سے ملک میں مزید غیر منصفانہ نظام قائم ہوگیا ہے اور لوگ مختلف طبقات میں تقسیم ہوتے چلے جائیں گے۔ غیر منصفانہ اور غیر حقیقت پسنددانہ اہداف کو مکمل کرنے کے لیے عوام اور معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک ٹیکسز کے نظام کو حقیقت پسندانہ، منصفانہ اور عام فہم نہیں بتایا جاتا موجودہ طریقہ کار نافذ کرکے بھی اِس نظام کو کسی پذیرائی کی حکومت اُمید نہ رکھے کیونکہ معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی سے ریونیو میں اضافہ خام خیالی ہے۔اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ وہ یہ عارضی انتظامات کر کے ملکی خزانہ بھرنے کے اہداف پر نہ جائیں بلکہ دور رس معاشی پالیسی کے لیے ایک کمیشن بنائیں جو اِس بات کا جائزہ لے کہ ملکی معیشت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کس طرح ہونی چاہیے کہ طبقاتی فرق مٹ جائے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
فارو ق شیخانی