سندھ میں جمہور ایڈز زدہ ہوکر مر رہا ہے‘ فردوس عاشق

183

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ میں جمہور ایڈز زدہ ہوکر مر رہا ہے‘ صحافیوں کا مقدمہ خود لڑوں گی‘ 25 جولائی کو قوم یوم احتساب اور گٹھ جوڑ کی سیاست کرنے والے یوم احتجاج منائیں گے‘ فاٹا الیکشن میں2 نامور جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں‘ عمران خان پاکستان کے بیانیے کو تحفظ دینے امریکا گئے ہیں‘ پاکستان دشمن عناصر کی سازشیں دم توڑ رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکرٹر ی ارمان صابر، مجلس عاملہ کے اراکین، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، رکن اسمبلی جمال صدیقی سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ دنوں کراچی پریس کلب کے صدر کے ساتھ پی ٹی آئی کے رکن کا جو ذاتی عمل تھا وہ نہ تو پی ٹی آئی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور نہ ہی عمران خان کے وژن کا آئینہ دار ہے‘میں نے اور فردوس شمیم نقوی نے اپنی ٹیم کے ساتھمعذرت کی ہے اور صحافیوںکے ساتھ ایسے کسی بھی سلوک کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی ہے۔ معاون خصوصی نے صحافیوں کے210 پلاٹس پر قبضے سے متعلق صحافی برادری کو یقین دلایا کہ وہ صحافیوں کی جانب سے وکیل ہیں اور صحافیوں کا مقدمہ وہ خود لڑیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح اوورسیز پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے بیانیے پر اعتماد کا اظہار کیا اس سے چند مٹھی بھر عناصرکی پاکستان کے خلاف سازش دم توڑ گئی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گھوٹکی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے نوٹسز کا مذاق اڑایا جا رہا ہے‘ سیکورٹی فورسز پر الزام تراشی اور پوائنٹ اسکورنگ کرنا رواج بن گیا ہے‘ فاٹا الیکشن میں 2 نامور پہلوان جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں‘ عوام نے ان دونوں پارٹیوں کی سیاست کورد کردیاہے‘ سندھ میں تبدیلی لوگوں کے ووٹ کے ساتھ جڑی ہے‘ سندھ میں جمہور دم توڑ رہا ہے اور ایڈز زدہ ہوکر مر رہا ہے‘ جمہور پینے کے صاف پانی کیلیے ترس رہا ہے۔
فردوس عاشق اعوان