بانی ایم کیو ایم سمیت 7مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

212

کراچی (نمائندہ جسارت)کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاک سرزمین پارٹی کے دو کارکنوں قتل کے الزام میں بانی ایم کیو ایم سمیت سات مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ پولیس کو آئندہ سماعت پر ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پی ایس پی کے دفتر پر حملے میں دوکارکنان کے قتل سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔پولیس نے دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ایس پی کے ٹاؤن آفس حملہ بانی ایم کیو ایم کے کہنے پر کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں رضا علی عرف سولجر ، قاضی انیس عرف کیپٹن ، وقاص ، شہریار عرف شیری، اور محسن احمد عرف شاہ جی شامل ہیں۔ بانی ایم کیو ایم سمیت اس مقدمے میں نامزد 7ملزمان مفرور ہیں جن میں ایم کیو ایم لندن کے آصف حسنین عرف پاشا، بسمہ ناز و دیگر شامل ہیں۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے بانی سمیت 7ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور پولیس کو ملزمان کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 3 اگست تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ ملزمان نے گزشتہ سال دسمبر میں رضویہ تھانے کی حدود میں واقع پی ایس پی کے ٹاؤن آفس پر حملہ کیا تھا۔ حملہ میں پی ایس پی کے ٹاؤن جنرل سیکریٹری نعیم اور یوسی انچارج اظہر عرف سیاں ہلاک ہو گئے تھے۔جس کے بعد ملزمان کے خلاف رضویہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
بانی ایم کیو ایم کے وارنٹ