رانا ثنا کوجیل میں گھر کا کھانا فراہم کرنے کی درخواست مسترد

182

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی مقامی عدالت نے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر اور سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو جیل میں گھر کا کھانا فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ سیشن عدالت لاہور کے جج قیصر نذیر بٹ نے رانا ثنااللہ کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران جیل حکام کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔ سماعت کے دوران لیگی رہنما کے وکیل فرہاد علی شاہ نے کہا کہ رانا ثنااللہ بیمار ہیں، ان کی صحت کے لیے گھر کا کھانا دینے کی اجازت دی جائے۔ جیل قوانین کے مطابق زیر ٹرائل ملزم کو گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے تاہم اس دوران جیل حکام نے اپنی جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ رانا ثنااللہ کو ان کی صحت کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے۔ رانا ثنا کا روزانہ کی بنیاد پر طبی معائنہ بھی کیا جارہا ہے اور ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔ بعد ازاں عدالت نے رانا ثنا کو گھر کا کھانا دینے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے وکیل کو جیل سپرنٹنڈنٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔
رانا ثنا