عمران خان کی اقتصادی پالیسیوں پر عملدرآمد میں فوری تعاون کیلیے تیار ہیں،صدر عالمی بینک

291

واشنگٹن (اے پی پی+صباح نیوز)ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی اقتصادی پالیسیوں پر عملدرآمد میں فوری تعاون کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے عمران خان سے اتوار کو واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستانی سفیر اسد مجید نے وزیراعظم کی معاونت کی۔ ڈیوڈ ملپاس نے وزیر اعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی تعریف کی اور کہا کہ ورلڈ بینک کے منصوبوں کے بڑے حجم کے ساتھ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں داخل ہونے سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ورلڈ بینک کے صدرنے نوجوانوں کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافے اور انہیں مارکیٹ کی مانگ کے مطابق روزگار کے لیے تیار کرنے سمیت حکومت کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر عمران خان نے ورلڈ بینک کے صدر کی اہم ذمے داری سنبھالنے پر ڈیوڈ ملپاس کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کئی برسوں سے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں ورلڈ بینک کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا محور عوام ہیں اور ترقیاتی ایجنڈے میں صحت، تعلیم اور پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ عمران خان نے توقع ظاہر کی کہ ورلڈ بینک زیر تعمیر منصوبوں پر بھی پیش قدمی کرے گا ۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان سے سرکردہ ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے پاکستان ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی حکومت کے پاس امریکا کے ساتھ فائدہ مند دفاعی تعلقات کے لیے بہترین موقع ہے، وہ ہمیں طویل عرصے تک افغانستان اور خطے کے سلامتی کے لیے مدد کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ سیکورٹی مفادات پر مشتمل آزاد تجارتی معاہدے کے ذریعے تجارت کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
صدر عالمی بینک