اتر پردیش: بارش اور بجلی گرنے سے 41افراد جاں بحق

185

 

لکھنؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 41افراد ہلاک ہوگئے۔ اتر پردیش میں آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں آسمانی بجلی گرنے اور طوفان کی وجہ سے ہوئیں۔ ہفتے کے روز سے تیز ہواؤں اور شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں کئی درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔ اس دوران کئی مکانوں کی چھتیں گر گئیں اور پانی سو سے زائد کچے مکانات کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کسان اور بے گھر افراد شامل ہیں۔ ریاستی وزیر اعلی یوگی ادتیا ناتھ نے قدرتی آفت سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارش کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200سے تجاوز کر چکی ہے۔ ریاستوں میں بہار اور آسام کے بعد بارش نے اتر پردیش میں بھی شدید تباہی مچائی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بہار میں بارش اور طوفان سے 102افراد ہلاک ہوئے۔ نیپال کے قریب ریاستی علاقوں میں ہونے والی بارش سے 69لاکھ افراد بے گھر ہوگئے۔ ریاست آسام میں 67افراد ہلاک ہوئے، جب کہ 57لاکھ شدید متاثر ہوئے۔ بھارتی ریاستوں میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 210ہوگئی ہے۔ دوسری جانب بنگلادیش اور نیپال میں طوفان باد و باراں نے تباہی مچا رکھی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق تینوں ممالک میںہلاکتوں کی تعداد 300سے تجاوز کرچکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں گھروں، اسکولوں اور سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا،جب کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ حکومتوں کی جانب سے طبی امداد کے لیے ناکافی اقدامات کے باعث لوگوں میں مختلف بیماریاں وبا کی صورت اختیار کررہی ہیں۔