صومالیہ: چیک پوسٹ پر کار بم حملہ، 17 افراد جاں بحق

246
موغادیشو: چیک پوسٹ پر کار بم حملے کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے‘ نرسیں اور شہری زخمی کو اسپتال منتقل کررہے ہیں
موغادیشو: چیک پوسٹ پر کار بم حملے کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے‘ نرسیں اور شہری زخمی کو اسپتال منتقل کررہے ہیں

 

موغادیشو (انٹرنیشنل ڈیسک) صومالیہ میں ایک ہوٹل کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم17 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بم دھماکا پیر کے روز دارالحکومت موغادیشو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایفرک نامی ہوٹل کے باہر کیا گیا۔ موغادیشو کے مدینہ اسپتال کی انتظامیہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اسپتال میں 7 لاشیں اور 27 زخمی لائے گئے ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بم دھماکا ائرپورٹ جانے والی شاہراہ کی پہلی چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ چیک پوسٹ کے قریب پارکنگ میں کھڑی گاڑی اچانک دھماکے سے پھٹ گئی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے کی ذمے داری الشباب تنظیم نے قبول کرلی ہے۔ حملے کے وقت پر چیک پوسٹ پر لوگوں کو بڑی تعداد موجود تھی، جن میں بڑی تعداد حج کے روانہ ہونے والے زائرین کی تھی۔ زخمیوں سے 17 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ واقعے کے بعد ایمبولینسوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور قریبی چیک پوسٹ پر تعینات فوجی اہل کاروں نے جائے وقوع پر جمع ہونے والے لوگوں کومنتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 2فوجی بھی شامل ہیں۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔ گزشتہ ہفتے بھی صومالیہ کے جنوبی شہر کسمایو کے ایک ہوٹل میں الشباب کے جنگجوؤں کی 12 گھنٹے تک جاری کارروائی کے دوران 26 افراد ہلاک اور 56 زخمی ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ صومالیہ میں عسکریت پسند تنظیم الشباب 2007ء سے حکومت کے خلاف سرگرم ہے۔ اس عرصے میں تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد 20ہزار تک پہنچ گئی ہے۔