وینزویلا کے جنگی طیارے کا امریکی ہوائی جہاز کا تعاقب

188

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) وینزویلا کے ایک جنگی طیارے نے امریکی انٹیلی جنس طیارے کا بحیرہ کیریبین کے علاقے میں تعاقب کیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی فضائی حدود میں پرواز کے دوران طیارے کا جارحانہ انداز میں تعاقب کیا گیا۔ امریکی فوج کی جنوبی کمان کی طرف سے اتوار کے روز جاری بیان میں بتایا گیا کہ عالمی فضائی حدود میں وینزویلا کے جنگی طیارے کا امریکی ہوائی جہاز کا پیچھا کرنا صدر نکولاس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایک امریکی طیارہ ای پی 3، جو مختلف نوعیت کے مشنز پر تھا، کا عالمی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے وینزویلا کے ایس یو 30 طیارے نے تعاقب کیا۔ امریکا اس اقدام کو وینزویلا کی طرف سے جہاز اور اس کے عملے کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش قرار دیتا ہے۔ دوسری جانب وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر باڈرینو لوبیز نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا کا ایک جنگی جہاز کسی پیشگی اطلاع کے بغیر وینزویلا کی فضائی حدود میں گھس آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی جہاز نے وینزویلا کے مرکزی ہوائی اڈے کی کمرشل پروازوں کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔