یمنی فوج کی حوثیوں کے گڑھ صعدہ میں پیش قدمی

188

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن کی سرکاری فوج نے حوثی ملیشیا کے گڑھ سمجھے جانے والے شمالی علاقے صعدہ کے محاذ پر کئی اہم کامیابیاںحاصل کرتے ہوئے غیرمعمولی پیش قدمی کی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کے بریگیڈ 3 کے سربراہ کرنل القشائی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز شمالی صعدہ میں باقم ضلع کے اطراف پھیلے تزویراتی اہمیت کے حامل کئی مقامات باغیوں سے چھین لیے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جبل النارمیں سرکاری فوج کی پیش قدمی صعدہ کے دیگر علاقوں تک رسائی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جس کے بعد باقم ضلع کے مرکز تک پہنچنا آسان ہو جائے گا۔ بریگیڈیرالقشائی کا کہنا تھا کہ صعدہ میں حوثی ملیشیا کے خلاف جاری آپریشن میں عرب اتحادی فوج کے توپ خانے کی مدد حاصل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ لڑائی کے دوران حوثی باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا اور اس دوران اسلحہ کے کئی ذخائر بھی تباہ کردیے گئے۔ سرکاری فوج نے صعدہ کے جبل النار، جبال رمدان، النعمان اور دیگر مقامات کو باغیوں سے آزاد کرانے کے بعد ان پر ملکی پرچم لہرا دیا۔ دوسری جانب یمن میں حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر کے اندر خود کش در اندازی کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق باغیوں کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی نگراں کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے نتائج ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ مقامی عسکری ذرائع کے مطابق حوثی ملیشیا نے اتوار کے روز اپنے درجنوں عناصر کو الحدیدہ میں شارع صنعا پر آزاد کرائے گئے رہایشی علاقوں میں خود کش در اندازی کے لیے دھکیل دیا، تاہم اس کوشش کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ کوشش ہوائی اڈے کے شمال مشرق میں رہایشی علاقوں کے اندر سے شروع ہوئی، اس دوران ایک گھنٹے تک شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تاہم یمنی مزاحمتی فورسز کے سامنے حوثی عناصر واپس لوٹ گئے۔