شہروں اور دیہات میں یکساں ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، خالد مقبول

148

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ شہروں اور دیہات میں یکساں ٹیکنالوجی کے نفاذ کے بغیر ترقی ناممکن ہے، ٹیکنالوجی سے دنیا تیزی سے تبدیلی کی جانب بڑھ رہی ہے، ہمیں ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی دیہی علاقوں میں براڈ بینڈ کی فراہمی کے مشن میں اپنا کردار جاری رکھے گی، یو ایس ایف اور ٹیلی نار کے مابین سندھ اور بلوچستان میں براڈ بینڈ کوریج کے منصوبوں پر پیشرفت خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو منعقدہ ایک تقریب میں نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز (بلوچستان) پر براڈ بینڈ کوریج، دادو اور حیدر آباد میں پائیدار ترقیاتی منصوبوں کے لیے نیکسٹ جنریشن براڈ بینڈ کے منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ بلوچستان اور سندھ میں منصوبوں کے لیے 1.328 بلین روپے مالیت کے معاہدے کیے ہیں۔ معاہدوں پر دستخط یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضوان مصطفی میر اور ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او و ٹیلی نار ایمرجنگ ایشیا کلسٹر کے سربراہ عرفان وہاب خان نے کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یو ایس ایف نے پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے عوام کے سماجی و اقتصادی فائدے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔ اس ضمن میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ان منصوبوں سے مزید فائدہ حاصل کرنے اور پاکستانی عوام کو فعال بنانے کے لیے جدید نکتہ نظر اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام دیہی علاقوں میں عوام کی سہولت کے لیے ملک بھر میں براڈ بینڈ کی فراہمی کے مشن کو حاصل کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھے گی۔