ـ97 ہزار عازمین حج حجاز مقدس پہنچ گئے، 8 انتقال کرگئے

135

اسلام آباد (اے پی پی) فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے 97 ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں، سعودی عرب میں 8 پاکستانی عازمین حج انتقال کرگئے۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق وفات پانے والوں میں سے 6سرکاری اسکیم کے تحت اور 2 نجی اسکیم کے تحتگئے تھے، ان کی اموات طبعی طور پر ہوئیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 69 ہزار جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 28 ہزار سے زائد عازمین پی آئی اے، سعودی ائر لائن اور ائر بلیو کی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچے۔ وزارت مذہبی امور سے 154 افسران اور دیگر عملہ سعودی عرب میں فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ حج میڈیکل مشن کے تحت 389 ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل اسٹاف دن رات کام کر رہا ہے۔ اب تک حج میڈیکل مشن نے 11 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کیں اور 64 مریضوں کو سعودی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔