عدالت عظمیٰ‘ کے ایم سی کے کوارٹرز پر ملکیت کا دعویٰ مسترد

155

کر ا چی (ا سٹا ف ر پو ر ٹر) عدالت عظمیٰ نے کورنگی ساڑھے3 میں کے ایم سی کے کوارٹرز پر درخواست گزاروں کی جانب سے ملکیت کا دعویٰ مستردکردیا۔ عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں کورنگی ساڑھے3 میں کے ایم سی کے کوارٹرز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی‘عدالت میں ڈائریکٹر لینڈ کچی آبادی اور کے ایم سی کی رپورٹس پیش کی گئیں جس میں بتایا گیا کہ کے ایم سی نے اپنے کوارٹرز خالی کرا لیے ہیں‘ نقشے کے مطابق یہ کے ایم سی کوارٹرز ہیں۔ درخواست گزار خواتین نے کہا کہ 45 سال سے یہاں رہ رہے ہیں۔جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ آپ 45 سال سے کیا 100 برس سے بھی رہ رہے ہوں تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری نے سروس ٹربیونل کی جانب سے برطرف کانسٹیبل سمندر علی چانڈیو کو بحال کرنے کا فیصلہ معطل کردیا‘ محکمہ پولیس نے کانسٹیبل کو جرائم پیشہ افراد کی مدد کرنے کے الزام میں برطرف کیا تھا۔عدالت نے کانسٹیبل کی بحالی کے خلاف آئی جی سندھ کی اپیل منظور کر لی۔ دریں اثنا عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری نے محکمہ تعلیم خیرپور میں چوکیداروں کے مطلوبہ تعلیمی معیار پر پورا نہ اترنے کے خلاف سندھ حکومت کی اپیل مسترد کردی۔ ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ چوکیدار مطلوبہ تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترے۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ کیا چوکیداروں کو پی ایچ ڈی ہونا چاہیے‘ اشتہار میں کہیں تعلیمی معیار نہیں لکھا۔ عدالت نے سندھ حکومت کی اپیل مسترد کردی ۔