پاکستان اسٹاک: سرمایہ کاری مالیت میں18ارب سے زائدکااضافہ

226

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو اتارچڑھائو کے بعد تیزی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس کی32500کی نفسیاتی حدبحال ہوگئی،تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 18 ارب 82کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت63.33فیصدکم جبکہ48.39فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فروخت کے دبائواور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 32391کی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ، توانائی، بینکنگ، اسٹیل، فوڈزسمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورکے ایس ای100انڈیکس دوران ٹریڈنگ 32723پوائنٹس کی سطح پربھی دیکھا گیاتاہم ملکی کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر بڑھنے سے مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی ،جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح سے گرگیاتاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام کے ایس ای100انڈیکس125.78پوائنٹس اضافے سے32584.55پوائنٹس پر بندہوا۔