کراچی کی صنعتوں کو اوگرا کے طے کردہ سبسڈی نرخ پر گیس فراہمی سے انکار

276

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسڑی( نکاٹی) کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیزخان اورصدر سید طارق رشید نے سوئی سدرن گیس کمپنی ( ایس ایس جی سی ) کی جانب سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں واقع برآمدی صنعتوںسمیت مینوفیکچررزکو سبسڈی نرخ پر گیس کی فراہمی سے انکار اور ایسوسی ایشن کی سفارشات کونہ ماننے پرشدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ مینوفیکچررز اور برآمدی صنعتوں کو زائد پیداواری لاگت کے باعث تباہی سے بچانے کے لیے ایس ایس جی سی کو اوگرا کے طے کردہ سبسڈی نرخ پرگیس کی فراہمی اور نکاٹی کی سفارشات کو قبول کرنے کی ہدایات جاری کریں۔ کیپٹن اے معیزخان اورصدر سید طارق رشیدنے ایک بیان میں کہاکہ ایس آر او (1)2019 کے تحت جون2019کو اوگرا نے گیس کے نرخ ازسرنو طے کیے تھے جس کے رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور5برآمدی شعبوں ٹیکسٹائل،کارپیٹس،لیدر،اسپورٹس و سرجیکل آلات کی صنعتوںکے لیے مطابق یکم جولائی 2019 سے 786روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس ٹیرف مقرر کیا گیاتھا ۔اس ضمن میں ایس ایس جی سی نے ایک لیٹر بھی جاری کیا تھا جس میں اوگرا کے طے کردہ سبسڈی نرخ پر گیس کے حصول کے لیے متعلقہ ایسوسی ایشنز کی سفارشات کو لازمی قرار دیا گیا تھامگر جب نکاٹی کی جانب سے صنعتوں کو سبسڈی نرخ پر گیس کی فراہمی کے لیے خطوط ارسال کیے گئے تو ایس ایس جی سی نے اسے مسترد کرتے ہوئے نارتھ کراچی کی صنعتوں کو یہ سہولت فراہم کرنے سے انکار کردیا۔