تھائی مصنوعات کی تین روزہ نمائش کا کامیابی کیساتھ اختتام

353

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جاری تھائی مصنوعات کی تین روزہ نمائش کامیابی سے اختتام پذیرہو گئی۔ گیس کے چولہے اور جوتے بنانے والی تھائی کمپنیوں کے پاکستانی صنعتکاروں سے معاہدے ہو گئے۔ اب چولہے اور جوتے یہیں تیار ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق مقامی ہوٹل میں جاری ٹاپ تھائی برینڈز 2019 نمائش کے آخری روز دوپہر سے ہی متعدداسٹالز خالی ہو گئے۔ کاروباری افراد اور عام شہریوں کا اچھے ریسپانس سے منتظمین بھی خوش دکھائی دیے۔پیر کو گیس کے چولہے اور جوتے بنانے والی تھائی کمپنیوں کے پاکستانی صنعتکاروں سے معاہدے بھی ہوئے۔ نمائش کے اختتامی روز منعقد ہ پریس بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ ڈھاکہ مسٹر سوئیب سک نے صحافیوں کو بتایا کہ تھائی کمپنیاں پاکستان میں جلدمشترکہ منصوبے شروع کریں گی۔ یہاںبہت اچھاریسپانس رہا اور ہم نے اپنا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے۔ مسٹر سوئیب سک نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد متوقع ہے۔ اس موقع پر گفت گو کرتے ہوئے تھائی لینڈ کے پاکستان میں اعزازی تجارتی مشیر عارف سلیمان نے کہا کہ نمائش کا مقصد دونوں ممالک کے صنعتکاروں کو ملانا ہے،نمائش بہت کامیاب رہی ہے۔ عارف سلیمان نے بتایا کہ پاکستانیوں کو تھائی لینڈ ہر سال ایک لاکھ ویزے جاری کرتا ہے۔عارف سلیمان نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ تھائی شہری بھی پاکستان میں سیاحت کے لیے آتے ہیں۔