راجووال، بین الاضلاعی ڈکیت اور سفاک قاتل تنی ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

287

راجووال ( این این آئی )بدنام زمانہ ڈکیت اور سفاک قاتل تنویرعرف تنی کمبوہ پولیس کے ساتھ مبینہ کراس فائرنگ میں ہلاک ہو گیا، چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد،مارے گئے ڈاکو نے چند روز قبل دوران ڈکیتی مزاحمت پر ایک تاجر کو دکان میں قتل کر دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ حویلی لکھا کی پولیس گزشتہ رات نواحی گائو کھرپہ کے قریب گشت کررہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سواردو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیاجس پر رکنے کی بجائے ملزمان نے موٹرسائیکل بھگا لی ، پولیس پارٹی نے ان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے ماتاں والا پھاٹک کے قریب پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس پارٹی نے بھی فائر کیے کچھ دیر بعد فائرنگ رکی تو پولیس پارٹی نے حفاظتی جیکٹ اور سرچ لائٹ کی مددسے ملزمان کی تلاش کی تو تھوڑے فاصلے پر ایک کس اسم ومسکن نامعلوم ڈاکو کی نعش پڑی تھی نعش کے قریب سے ایک عددکلاشنکوف ، 5گولیاںاور موٹرسائیکل بلانمبری برآمد ہوئی جس کو پولیس نے قبضہ میں لے لیا ۔جبکہ دوسرا نامعلوم ملزم رات کی تاریکی کا فائد ہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا،پولیس ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت تنویر عرف تنی کمبوہ سکنہ 6.SPکے نام سے ہوئی جو قتل ،ڈکیتی کے درجن سے زائد مقدمات میں مختلف اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا چند روز قبل اسی سفاک قاتل نے اپنے ساتھی سمیت حویلی لکھا کے تاجرعبدالحمید کو دوران ڈکیتی فائر مارکر قتل کردیا تھا، ڈی پی او اوکاڑہ جہانز یب نذیر خان نے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی دیپالپور سرکل انعام الحق کی سربراہی اور ایس ایچ او حویلی لکھا کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی جو تمام تر وسائل کو بروے کار لاتے ہوئے نامعلوم ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے گی،ڈی پی او اوکاڑہ جہانزیب نذیر خا ن نے جواں مردی سے پولیس مقابلہ میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کو شابا ش دی ۔