دہشت گردی کا خاتمہ معاشی، معاشرتی بقا کیلیے ناگزیر ہے،ذکراللہ مجاہد

163

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ اور اسپتال میں ہونے والے دھماکوں کی پرُروز مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ معاشی، معاشرتی بقاء کیلیے ناگزیر ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ اور خود کش دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے ڈیر اسماعیل خان میں ہونے والوں دھماکوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے پیچھے ازلی دشمن بھارت کا ہاتھ ہے جو ملک کے امن و امان کو خراب کرنا چاہتا ہے۔ بھارت پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتا اور ملک کے امن امان کو خراب کرکے غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کی مذموم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ عالمی عدالت میں رسوائی کے بعد مودی سرکار کسی بھی حد تک جا سکتی ہے جس کا انداز حالیہ بھارتی وزیر خارجہ کے کشمیر پر مذاکرات کے حوالے سے جارحیت پسندانہ بیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلیے جیلوں میں قید دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر عبرت پکڑیں۔ذکر اللہ مجاہد نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اور ملکی بقا و سالمیت کیلیے ایک پیج پر ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ ملک میں امن کی فضا قائم ہو سکے۔ سانحہ ڈی آئی خان میںمتاثرہ خاندان کی سرپرستی کی جائے اور زخمیوں کے علاج معالجہ کیلیے بہتر سہولیات مہیا کی جائیں۔ سانحہ کی انکوئری کیلیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں ۔ سانحہ کے ذمے دار ملک دشمن عناصر کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔