ملازمین کی تنخواہیں بند کرکے انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، مہران یونیورسٹی ورکرز

131

حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر) مہران یونیورسٹی ورکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملازمین کے حقوق کے حصول کے لیے حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا جس سے مرکزی صدر سید اشتیاق علی شاہ، فائز برفت، وحید مراد کھوکھر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہران یونیورسٹی کے ملازمین کے جائز مطالبات حل کیے جائیں، میڈیکل کالج کے علاوہ کچے ملازمین کو مستقل کیا جائے، ٹیکنیکل الاؤنس دیا جائے، ریٹائرڈ اور انتقال کرجانے والے ملازمین کے بچوں کو ملازمتیں دی جائیں اور تعلیم کے لیے انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جائز مطالبات حل کرنے کے بجائے یونیورسٹی انتظامیہ ہمیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے۔ غریب ملازمین کی تنخواہیں بند کرکے انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، جس کی وجہ سے ملازمین ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔