ٹنڈوالہٰیار، مچھروں کی بہتات کے باعث امراض پھیلنے لگے

182

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) دیگر شہروں کی طرح ٹنڈوالہٰیار میں مچھروں کی یلغار میں بے پناہ اضافہ ہوگیا، خطر ناک مچھروں کے کاٹنے سے بچے، بوڑھے اور خواتین ملیریا ، ڈائیریا، بخار ودیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ ضلعی و تعلقہ انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کے باعث مچھر مار اسپرے ناہونے کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب خطرناک مچھروںکی افزائش میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق جہاں گندگی ہوتی ہے اس گندگی میں خطرناک مچھروں کی افزائش ہوتی ہے، جس سے بوڑھے، بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ ضلعی و تعلقہ انتظامیہ کی لاپروائی کے باعث جگہ جگہ گندگی، غلاظت کے ڈھیر بھی مچھروں کی افزئش کا باعث بن رہے ہیں، جس کی وجہ سے سپر بگ ٹائیفائیڈ، ملیریا، ڈائیریا و دیگر موذی امراض پھیلنے کا خدشہ لاحق ہے۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مچھر مار اسپرے کیا جائے۔