سوبھو ڈیرو تحصیل کی نہروں کی ٹیل میں زرعی پانی کی شدید قلت

203

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) سوبھو ڈیرو تحصیل کی کئی نہروں کی ٹیل میں زرعی پانی کی قلت، ریت اڑنے لگی۔ کپاس، جوار اور سبزیوں کی فصلیں سوکھ رہی ہیں۔ آبپاشی عملداروں نے واٹر کورس رشوت کے عوض تڑوا دیا ہے، جس کی وجہ سے پانی کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی ہے، جلد کرپٹ عملداروں کیخلاف کارروائی کرکے نہروں کے ٹیل تک پانی فراہم کیا جائے، آباد گار۔ سوبھو ڈیرو تحصیل کے درازا مائنر، تاج مائنر، میرک مائنر، مچھر مائنر سمیت دیگر نہروں میں کئی ماہ سے زرعی پانی کی قلت ہونے کی وجہ سے ٹیل میں ریت اڑنے لگی ہے۔ پانی کی قلت کی وجہ سے کپاس، جوار اور سبزیوں کے فصلیں سوکھ رہی ہیں۔ یہاں کے آبادگار نمانو خان سرکی، لونگ خان حطار، غلام نبی، مجاہد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہروں میں کرپٹ آبپاشی عملداروں نے مصنوعی طور پر پانی کی قلت پیدا کردی ہے اور بااثر آبادگاروں سے بھاری رشوت کے عوض واٹر کورس توڑ کر پانی چوری کروانے میں ملوث ہیں، جس کی وجہ سے نہروں کی ٹیل میں پانی کے بجائے ریت اڑنے لگی ہے، جس کی وجہ سے فصلیں سوکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ آبپاشی عملداروں کیخلاف کارروائی کرکے جلد نہروں کی ٹیل تک پانی فراہم کیا جائے۔