حیدرآباد،محکمہ آبپاشی کی نااہلی،نہروں میں گنجائش سے زیادہ پانی چھوڑ دیا،مکین پریشان

177

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) محکمہ آبپاشی کی جانب سے پھلیلی اور پنیاری نہروں میں گنجائش سے زائد پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے قریب کی آبادیوں میں پانی بھر جانے سے متاثر ہونے والے علاقہ مکینوں نے پھلیلی پل پر رکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائر جلائے اور محکمہ آبپاشی کے افسران کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پھلیلی اور پنیاری نہروں میں گنجائش سے زائد پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے نہر کا پانی سیوریج لائنوں کے ذریعے قریب کی آبادیوں میں بھر رہا ہے، جس کے سبب رشی گھاٹ، ساگر کالونی، سردار کالونی، پھلیلی، پریٹ آباد سمیت دیگر علاقے زیر آب آگئے۔ ان علاقوں میں گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہے، جس کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے کی وجہ سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ خواتین، بچے گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ کاروبار کئی روز سے بند ہے۔ بچے اسکول بھی نہیں جا پارہے ہیں۔ گندا پانی جمع رہنے کی وجہ سے نمازی بھی مساجد میں نہیں جاسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کئی مرتبہ محکمہ آبپاشی کے افسران سمیت بلدیہ کی انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ گندا پانی جمع رہنے کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پھلیلی اور پنیاری نہروں پر پانی کی سطح میں کمی کی جائے تاکہ قریبی آبادیوں سے پانی کی نکاسی ہوسکے۔ مظاہرے کے باعث کئی گھنٹے تک پھلیلی پل پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔