عورت کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کرنا قابل مذمت ہے، صنم چانڈیو

165

خیرپور (نمائندہ جسارت) چیئرپرسن عورت تحفظ موومنٹ میڈم صنم چانڈیو نے کہا ہے کہ مہذب معاشرے میں خواتین کو مردوں کے مساوی حقوق دیے گئے ہیں۔ اسلام میں تو مرد کے شانہ بشانہ حقوق حاصل ہیں، اندرون سندھ خصوصاً بالائی علاقوں میں عورت کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کرنا قابل مذمت عمل ہے، اس کے علاوہ ونی کرنے، بڑی عمر کے آدمی کے ساتھ کم عمر بچی کی شادی کرنا بھی خلاف اسلام ہے۔ پی ایف یو جے رہنما صوفی اسحاق سومرو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نسواں کے جائز حقوق اور کم عمری کی شادی کیخلاف وہ بھرپور آواز بلند کریں گی، خواتین کو برابری کے حقوق دلوانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صحافی برادری کو بھی چاہیے کہ وہ خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں، حق تلفی کیخلاف اپنے قلم کے ذریعے انصاف دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ عورت تحفظ موومنٹ کے پلیٹ فارم سے وہ ہر چھوٹے بڑے شہر، ٹائون اور دیہات میں وہ خواتین کے حقوق کے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے سیمینار و دیگر پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جس پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔ چیئرپرسن عورت تحفظ موومنٹ میڈم صنم چانڈیو نے کہا کہ خواتین کو کام کرنے والے مقامات پر ہراساں، ذہنی ٹارچر اور ہراسمنٹ جیسے واقعات رونما ہونے کی وجہ خواتین کے صبر کا امتحان ہوتا ہے، اگر خاتون دلیری سے مقابلہ کرتی ہے تو وہاں ہراسمنٹ کرنے والے کو اس کے انجام تک قانونی طریقے سے پہنچا سکتی ہے، خواتین کو اپنے لباس، اخلاق کو عمدہ رکھنا چاہیے تاکہ وہ شیطانیت کے بجائے انسانیت کی عظمت کی علامت ظاہر ہو۔