پاکستان میں 4 کروڑ افراد آدھے سر کے درد میں مبتلا ہیں، پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع شاکر

295

 

کراچی( اسٹاف رپورٹر) عالمی یوم دماغ کے موقع پر معزز صحافی حضرات کے لیے نیورولوجی اویئرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن (نارف) کی جانب سے مائیگرین (آدھے سر کا درد) کا مفت طبی کیمپ 22 جولائی کو کراچی پریس کلب میں منعقد کیا گیا۔کیمپ میں ملک کے نامور نیورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع، پروفیسرڈاکٹر عارف ہریکار،پروفیسر ڈاکٹر عزیز سونا والا۔ایسوسی ایٹ ڈاکٹر عبدالمالک نے مائیگرین کی تشخیص وآگاہی کے ساتھ ساتھ علاج بھی تجویز کیا۔ نیورولوجی اویئرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن (نارف) اور کراچی پریس کلب کی ہیلتھ کمیٹی کے زیراہتمام طبی کیمپ میں مائیگرین کی تشخیص و آگاہی فراہم کرتے ہوئے پریس بریفنگ میں معروف نیورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع صدر نیورولوجی اویئرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن (نارف) ممبر ورلڈ فیڈریشن آف نیورولوجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک محتاط اندازے کے مطابق تقریباً چار کروڑ افراد مائیگرین (آدھے سر کا درد) میں مبتلا ہیں ہر 16 مرد میں سے 1 اورہر 5 عورت میں سے ایک عورت کو مائیگرین یعنی آدھے سر کا درد ہے اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جو کہ تشویشناک صورتحال ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع نے کہا کہ مائیگرین کا درد جدید مغربی تحقیقات کے مطابق تقریباً 12 فیصد افراد کو ہوتا ہے۔ اس شرح میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا کا ہر ساتواں فرد اس مرض کا شکار ہے، جسمانی طور پر صحت مند نظر آنے والا فرد بھی اس کا شکار ہو سکتا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع نے کا کہنا تھا کہ مائیگرین کا دائرہ کافی وسیع ہے،جس میں عام سر درد سے لیکر جان لیوا سر درد تک شامل ہیں۔ لہٰذا ایسے خوش نصیب شاید کم ہی ہوں جنہیں سر درد نہ ہوا ہو۔ عام طور سے سر درد کو معمولی درد سمجھ کر نظر انداز کردیا جاتا ہے اور اس کی تشخیص یا علاج کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ہے جس کی وجہ سے درد مستقل شکل اختیار کرلیتا ہے اور انسان کے معمولات زندگی برے طریقے سے متاثر ہونے لگتے ہیں۔پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہو ئے پروفیسرعارف ہریکار اور پروفیسر عزیزسوناوالا نے کہا کہ ذہنی دباؤ، نیند کی کمی، نظام ہاضمہ میں خرابی سے یہ بیماری لاحق ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام اور مصروفیات کو ذہن پر زیادہ سوار نہ کریں اس کے ساتھ ساتھ کم سے کم 30 منٹ تک چہل قدمی ضرور کریں ۔نیورولوجی اویئرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن (نارف) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا مائیگرین سے نمٹنے کے لیے آپ اپنے پاس ایک ڈائری رکھیں جس میں نہ صرف درد شروع ہو نے کے اوقات کار، دورانیہ اور ہر وہ اہم بات جو اِس سر درد کے ساتھ منسلک ہو درج کریں۔ اپنے معمولات اوردرد کے ساتھ جْڑی چیزیں نوٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آدھے سر کا درد ایک دردناک سچائی ہے اس کے باوجود اکثر لوگ مائیگرین کو عام سر درد سمجھ کر علاج کرنا شروع کردیتے ہیں جو اس مرض کو پیچیدہ بنادیتاہے اس لیے سرد ردکی صورت میں فوری طور پر ماہر نیورولوجسٹ سے مشورہ کریں تاکہ ابتدا میں ہی اس کا تدارک کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیورولوجی اویئرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن (نارف) کی کوشش ہے کہ پاکستان میں دماغی امراض کے حوالے مکمل آگہی فراہم کی جائے تاکہ ان امراض کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کیا جاسکے۔کیمپ کے موقع پر صحافی حضرات کو مائیگرین کی تشخیص اور علاج تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ ادویات بھی فراہم کی گئیں ، اس موقع پر کراچی پریس کلب کی ہیلتھ کمیٹی کے وقار بھٹی اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔