فائرنگ ودیگر واقعات میںخاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاںبحق

148

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرقائد میں فائرنگ، پرتشدد اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4افرادجاں بحق جبکہ2زخمی ہوگئے‘ جاں بحق ہونے والوں میںایک خاتون اور کم عمر بچہ بھی شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے مدینہ کالونی میںگھر سے 65سالہ شخص کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔بلدیہ ٹائون نمبر14 میں چھریوں کے وار سے 15سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو تنازعے کا شاخسانہ ہے ۔لانڈھی کے علاقے الکرم گیٹ کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ منگھوپیرکے علاقے ونگی گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش کوعباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیاتاہم لاش کی شناخت تاحال نہ ہوسکی ہے۔سپر ہائی وے جنجال گوٹھ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جس کو طبی امداد کے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیاگیا۔اورنگی ٹائون کے علاقے فقیر کالونی میں فائرنگ سے ایک 54 سالہ شخص زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیاگیا، جس کی شناخت عبد العزیز ولدمحمد عثمان کے نام سے ہوئی ہے ۔شاہراہ فیصل گورا قبرستان کے قریب ٹریفک حادثہ میںایک شخص ہلاک ہوگیا۔ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 55سالہ روفن لال ولد لال فیروز کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیوذرائع کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریاایکسپریس وے پرٹریفک حادثہ میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کوجناح اسپتال منتقل کردیاگیا۔جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 10 سالہ حسیب ولد مقبول کے نام سے ہوئی ہے۔