مویشی منڈی میں اونٹ مہنگے داموں فروخت ہونے کا خدشہ

152

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)سہراب گوٹھ پر قائم مویشی منڈی میں اونٹ بھی فروخت کے لیے پہنچ چکے ہیں، اب تک مویشی منڈی میں بیوپاری 1ہزار سے زائد اونٹ فروخت کے لیے لا چکے ہیں، جن میں سفید ،برائون اور سیاہ اونٹ بھی شامل ہیں۔ ان اونٹوں کی قیمت 80 ہزار سے 8لاکھ روپے تک طلب کی جا رہی ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال اونٹ کم لائے گئے ہیں، جس کے سبب اونٹ مہنگے داموں فروخت ہونے کا خدشہ ہے۔ سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں اونٹوں کے لیے داخلی دروازے یا پارکنگ سے سیدھے ہاتھ کی طرف بکرا منڈی جاتے ہوئے فٹ پاتھ پر جگہ فراہم کی گئی ہے، جہاں اب تک 1ہزارسے زائد اونٹ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لائے گئے ہیں، جن کی قیمتیں ان کی خوبصورتی اور وزن کے حساب سے مقرر کی گئی ہیں۔ بیوپاری محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ اس کاروبار سے دو دہائیوں سے منسلک ہے اور اس کے 20 سال کے تجربے کی روشنی میں کراچی میں اونٹوں کو نحر کرنے والے قصاب انتہائی کم ہیں،بیوپاری محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ اس کاروبار سے دو دہائیوں سے منسلک ہے اور اس کے 20 سال کے تجربے کی روشنی میں کراچی میں اونٹوں کو نحر کرنے والے قصاب انتہائی کم ہیں۔ بارش کی وجہ سے اونٹوں میں خارش کی بیماری لگنے کا خدشہ بھی ہوتا ہے اور اس صورت میں اس کی فروخت درد سر بن جاتی ہے۔ایک اونٹ روزانہ تقریباً15 لیٹر پانی پیتا ہے۔ منڈی میں ملنے والا پانی ملاوٹ شدہ پانی ہوتا ہے، جبکہ اونٹ میٹھا پانی پینے کا عادی ہوتا ہے ۔ بعض دفعہ اونٹوں کو پانی پلانے کیلیے منڈی سے باہر لے جانا پڑتا ہے، اور یہ کام کسی اذیت سے کم نہیں ہے۔

مویشی منڈی میں قربانی کے لیے اونٹ کھڑے ہیں