چینی لیبریشن آرمی کا دنیا میں امن کیلیے کردار بہترین ہے ،جنرل زبیر محمود

179

اسلام آباد (آئی این پی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے چین کی پیپلزلبریشن آرمی (پی ایل اے ) کو عالمی سطح پر امن واستحکام کے فروغ اور ترقی کیلیے اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ چینی فوج کی اصلاحات میں بہتری کے حوالے سے بڑی کامیابی کی تعریف کی اور کہاکہ پاک چین دوستی پاکستانی حکومت اور ہر سیاسی جماعت کیلیے بہت اہمیت رکھتی ہے ، بین الاقوامی اور علاقائی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود پاکستان چین کے ساتھ پرعزم طریقے سے کھڑا رہے گا اورمختلف اقسام کے باہمی مفادات کے حوالے سے سیکورٹی چیلنجز کے خلاف مل کر کام کرتا رہے گا۔ پیر کو پیپلزلبریشن آرمی کی 92ویں سالگرہ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چینی فوج صدر شی جن پنگ کی قیادت میں ملک کے دفاع اور سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔استقبالیے کا اہتمام پاکستان میں چینی سفیر یائو جنگ کی طرف سے کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں پاک فوج ،ائرفورس اور نیوی کے اعلی افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی موجود تھے ۔