واشنگٹن:عمران خان سے آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی کی ملاقات

217

واشنگٹن(اے پی پی)عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ لپٹن نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام کے اطلاق کے لیے آئی ایم ایف دیگرعالمی شراکت داروں سے مل کر قریبی کام کر رہا ہے۔ واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں ڈیوڈ لپٹن نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی حالیہ اقتصادی پیشرفت اور پاکستان کی حکومت کے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام پر گفتگو ہوئی۔ اس پروگرام کا مقصد معیشت کا استحکام اور اداروں کو مضبوط بنانا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان پائیدار اور متوازن بڑھوتری کی راہ پرگامزن ہو جائے گا۔ ڈیوڈ لپٹن نے کہا کہ ملاقات میں انہوں نے پاکستان میں اب اور مستقبل میں اندرونی ٹیکس محصولات میں اضافے اور قرضوں میں کمی کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ملک میں سماجی اور مجموعی ترقی پر اخرجات کے لیے زیادہ فنڈز فراہم کرنے میں آسانی ہو۔