چینی کمپنیوں نے ٹیکس کے 95 کروڑ روپے دینے سے انکار کردیا

196

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں ترقیاتی کاموں میں مصروف چین کی کمپنیوں نے حکومت پاکستان کو انکم ٹیکس کی ادائیگی سے صاف انکار کر دیا ہے جس کے بعد اب یہ معاملہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، چین کی کمپنیوں کے ذمے 95 کروڑ روپے ود ہولڈنگ اور انکم ٹیکس کی مد میں واجب الادا ہیں۔ حکومت پاکستان کے کرپٹ ادارے ’’ایرا‘‘ کے حکام قومی مفاد کے بجائے چین کی نجی کمپنیوں کے تحفظ میں کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق زلزلہ متاثرین کی بحالی کے منصوبوں میں متعدد چینی کمپنیاں مصروف کار ہیں ان کمپنیوں کے ذمے انکم ٹیکس کی مد میں 947 ملین روپے واجب الادا ہیں جبکہ ایرا حکام نے کمپنیوں کو اربوں روپے کی ادائیگی کرتے وقت نہ انکم ٹیکس کی کٹوتی کی ہے اور نہ ہی ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی کی ہے۔ آڈٹ حکام کے پاس جب یہ معاملہ آیا تو ایرا کے حکام نے چین کی کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کرنا شروع کر دیا جس پر آڈٹ حکام حیران و پریشان ہوگئے تاہم معاملہ قانونی رائے کے لیے وزارت قانون کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ ایرا حکام کی بدنیتی کو دیکھتے ہوئے آڈٹ حکام نے یہ معاملہ قومی اسمبلی کی پی اے سی کو ارسال کر دیا ہے تاہم پی اے سی آج کل جامد ہے کیونکہ اس کے چیئرمین شہباز شریف پر خود کرپشن الزامات ہیں اور ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔